Nigah ka waar tha dil par phadakne jaan lagi
19th Century Sheikh Ibrahim Zauq Urduنگہ کا وار تھا دل پر پھڑکنے جان لگی چلی تھی برچھی کسی پر کسی کے آن لگی
ترا زباں سے ملانا زباں جو یاد آیا نہ ہائے ہائے میں تالو سے پھر زبان لگی
کسی کے دل کا سنو حال دل لگا کر تم جو ہووے دل کو تمہارے بھی مہربان لگی
تو وہ ہے ماہ_جبیں مثل_دیدۂ_انجم رہے ہے تیری طرف چشم_یک_جہان لگی
خدا کرے کہے تجھ سے یہ کچھ خدا_لگتی کہ زلف اے بت_بدکیشں تیرے کان لگی
اڑائی حرص نے آ کر جہاں میں سب کی خاک نہیں ہے کس کو ہوا زیر_آسمان لگی
کسی کی کاوش_مژگاں سے آج ساری رات نہیں پلک سے پلک میری ایک آن لگی
تباہ بحر_جہاں میں تھی اپنی کشتی_عمر سو ٹوٹ_پھوٹ کے بارے کنارے آن لگی
تمہارے ہاتھ سے سینے میں دل سے تابہ_جگر سنان و خنجر و پیکاں کی ہے دکان لگی
خدنگ_یار مرے دل سے کس طرح نکلے کہ اس کے ساتھ ہے اے ذوقؔ میری جان لگی