Comma for either/or — dharma, courage. Spelling forgiving — corage finds courage.

    Cover for Diwan-E-Zauq

    Diwan-E-Zauq

    Kya aaye tum jo aaye ghadi do ghadi ke baad

    Sheikh Ibrahim Zauq

    کیا آئے تم جو آئے گھڑی دو گھڑی کے بعد سینے میں ہوگی سانس اڑی دو گھڑی کے بعد

    کیا روکا اپنے گریے کو ہم نے کہ لگ گئی پھر وہ ہی آنسوؤں کی جھڑی دو گھڑی کے بعد

    کوئی گھڑی اگر وہ ملایم ہوئے تو کیا کہہ بیٹھیں_گے پھر ایک کڑی دو گھڑی کے بعد

    اس لعل_لب کے ہم نے لیے بوسے اس قدر سب اڑ گئی مسی کی دھڑی دو گھڑی کے بعد

    اللہ رے ضعف_سینہ سے ہر آہ_بے_اثر لب تک جو پہنچی بھی تو چڑھی دو گھڑی کے بعد

    کل اس سے ہم نے ترک_ملاقات کی تو کیا پھر اس بغیر کل نہ پڑی دو گھڑی کے بعد

    تھے دو گھڑی سے شیخ جی شیخی بگھارتے ساری وہ شیخی ان کی جھڑی دو گھڑی کے بعد

    کہتا رہا کچھ اس سے عدو دو گھڑی تلک غماز نے پھر اور جڑی دو گھڑی کے بعد

    پروانہ گرد شمع کے شب دو گھڑی رہا پھر دیکھی اس کی خاک پڑی دو گھڑی کے بعد

    تو دو گھڑی کا وعدہ نہ کر دیکھ جلد آ آنے میں ہوگی دیر بڑی دو گھڑی کے بعد

    گو دو گھڑی تک اس نے نہ دیکھا ادھر تو کیا آخر ہمیں سے آنکھ لڑی دو گھڑی کے بعد

    کیا جانے دو گھڑی وہ رہے ذوقؔ کس طرح پھر تو نہ ٹھہرے پاؤں گھڑی دو گھڑی کے بعد