Comma for either/or — dharma, courage. Spelling forgiving — corage finds courage.

    Cover for Diwan-E-Zauq

    Diwan-E-Zauq

    Chupke chupke gham ka khana koi hum se seekh jaaye

    Sheikh Ibrahim Zauq

    چپکے چپکے غم کا کھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے جی ہی جی میں تلملانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    ابر کیا آنسو بہانا کوئی ہم سے سیکھ جائے برق کیا ہے تلملانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    ذکر_شمع_حسن لانا کوئی ہم سے سیکھ جائے ان کو درپردہ جلانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    جھوٹ_موٹ افیون کھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے ان کو کف لا کر ڈرانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    سن کے آمد ان کی از_خود_رفتہ ہو جاتے ہیں ہم پیشوا لینے کو جانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    ہم نے اول ہی کہا تھا تو کرے_گا ہم کو قتل تیوروں کا تاڑ جانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    لطف اٹھانا ہے اگر منظور اس کے ناز کا پہلے اس کا ناز اٹھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    جو سکھایا اپنی قسمت نے وگرنہ اس کو غیر کیا سکھائے_گا سکھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    دیکھ کر قاتل کو بھر لائے خراش_دل میں خوں سچ تو یہ ہے مسکرانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    تیر و پیکاں دل میں جتنے تھے دیے ہم نے نکال اپنے ہاتھوں گھر لٹانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    کہہ دو قاصد سے کہ جائے کچھ بہانے سے وہاں گر نہیں آتا بہانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    خط میں لکھوا کر انہیں بھیجا تو مطلع درد کا درد_دل اپنا جتانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    جب کہا مرتا ہوں وہ بولے مرا سر کاٹ کر جھوٹ کو سچ کر دکھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    واں ہلے ابرو یہاں پھیری گلے پر ہم نے تیغ بات کا ایما سے پانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    تیغ تو اوچھی پڑی تھی گر پڑے ہم آپ سے دل کو قاتل کے بڑھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    زخم کو سیتے ہیں سب پر سوزن_الماس سے چاک سینے کے سلانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    پوچھے ملا سے جسے کرنا ہو سجدہ سہو کا سیکھے گر اپنا بھلانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

    کیا ہوا اے ذوقؔ ہیں جوں مردمک ہم رو_سیاہ لیکن آنکھوں میں سمانا کوئی ہم سے سیکھ جائے