Comma for either/or — dharma, courage. Spelling forgiving — corage finds courage.

    Cover for Diwan-E-Ghalib

    Diwan-E-Ghalib

    Kisi ko de ke dil koi nawasanj-e-fughan kyun ho

    Mirza Ghalib

    کسی کو دے کے دل کوئی نواسنج_فغاں کیوں ہو نہ ہو جب دل ہی سینے میں تو پھر منہ میں زباں کیوں ہو

    وہ اپنی خو نہ چھوڑیں_گے ہم اپنی وضع کیوں چھوڑیں سبک_سر بن کے کیا پوچھیں کہ ہم سے سرگراں کیوں ہو

    کیا غم_خوار نے رسوا لگے آگ اس محبت کو نہ لاوے تاب جو غم کی وہ میرا رازداں کیوں ہو

    وفا کیسی کہاں کا عشق جب سر پھوڑنا ٹھہرا تو پھر اے سنگ_دل تیرا ہی سنگ_آستاں کیوں ہو

    قفس میں مجھ سے روداد_چمن کہتے نہ ڈر ہمدم گری ہے جس پہ کل بجلی وہ میرا آشیاں کیوں ہو

    یہ کہہ سکتے ہو ہم دل میں نہیں ہیں پر یہ بتلاؤ کہ جب دل میں تمہیں تم ہو تو آنکھوں سے نہاں کیوں ہو

    غلط ہے جذب_دل کا شکوہ دیکھو جرم کس کا ہے نہ کھینچو گر تم اپنے کو کشاکش درمیاں کیوں ہو

    یہ فتنہ آدمی کی خانہ_ویرانی کو کیا کم ہے ہوئے تم دوست جس کے دشمن اس کا آسماں کیوں ہو

    یہی ہے آزمانا تو ستانا کس کو کہتے ہیں عدو کے ہو لیے جب تم تو میرا امتحاں کیوں ہو

    کہا تم نے کہ کیوں ہو غیر کے ملنے میں رسوائی بجا کہتے ہو سچ کہتے ہو پھر کہیو کہ ہاں کیوں ہو

    نکالا چاہتا ہے کام کیا طعنوں سے تو غالبؔ ترے بے_مہر کہنے سے وہ تجھ پر مہرباں کیوں ہو